ایکٹ1974میں ضروری ترامیم کی کوششوں کاخیرمقدم کرتے ہیں،مقبول عباسی

ایکٹ1974میں ضروری ترامیم کی کوششوں کاخیرمقدم کرتے ہیں،مقبول عباسی

مظفرآباد(بیورورپورٹ)سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر مقبول الرحمان عباسی اور پٹہکہ کے صدر راجہ محمد سعید خان نے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی طرف سے آزادکشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 ؁ء میں ضروری ترامیم کیلئے اہم اور موثر کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے آزادکشمیر کی وکلاء برادری کی طرف سے ان ترامیم کیلئے ہر ممکن تعاون اور ائید و حمایت کا یقین دلایا ہے ۔دونوں نو منتخب صدور نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آزادکشمیر کے وکلاء اور آئینی و قانونی ماہرین اور دیگر ذمہ داران اور مخلص حلقے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی حکومت کی آزادکشمیر کے آئین میں ضروری ترامیم اور آزادکشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی موثر اور جرات مندانہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کی حکومت اور سیاسی قیادت سے بھی ہم اس سلسلے میں کشمیریوں کی مشکلات کا احساس رکھنے کی بڑی توقعات رکھتے ہیں اور آزادکشمیر کے جو سیاستدان اپنے ذاتی مفادات اور سیاست کی خاطر ان آئینی ترامیم اور آزادکشمیر حکومت کے اختیارات کی بحالی کی مخالفت کر رہے ہیں وہ آزادکشمیر کے عوام اور تاریخ کے احتساب سے بچ نہیں سکیں گے اور ان کی اس طرح کی کوششیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر /کراچی صفحہ اول