کراچی،غیر قانونی شادی ہالوں کی مسماری سے پولیس والوں کی چاندی

کراچی،غیر قانونی شادی ہالوں کی مسماری سے پولیس والوں کی چاندی

کراچی (رپورٹ /ندیم آرائیں )کے ڈی اے کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکامات پر غیر قانونی شادی ہالوں کو منہدم کرنے سے پولیس والوں کی چاندی ہوگئی ،مختلف علاقوں میں کھیل کے میدانوں اور خالی مقامات پر تقریبات کا انعقاد کرنے کے لیے شہری اور کیٹرنگ کے کاروبار سے وابستہ افراد متعلقہ تھانے کو بھاری رقم دینے پر مجبور ہیں ۔تقریبات کے انعقاد کے باعث کھیل کے میدانوں اور پارکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوگئی ،شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی میں سرکاری اراضی پر قائم شادی ہالوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد کے ڈی اے حکام نے شہر بھر میں آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا تھا ۔بڑے پیمانے پر شادی ہالوں کی مسماری کے بعد شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے لیے ان ہالوں کی بکنگ کرانے والے شہری پریشانی کاشکار ہوگئے اور انہوں نے اپنے علاقوں میں موجود خالی مقامات ،کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں میں تقریبات کا انعقاد کرنا شروع کردیا ۔ذرائع کے مطابق پہلے اکا دوکا تقریبات کے لیے شہریوں کو کسی کو بھی رقم دینے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی لیکن تقریبات میں اضافے کے بعد پولیس اہلکاروں کے کان کھڑے ہوگئے اور انہوں نے تقریبات کے لیے خود ساختہ اجازت نامے جاری کرنے شروع کردیئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں میدانوں اور پارکوں کی تقریب کے لیے 5سے 10ہزار روپے تقریب کروانے والے اور5سے 10ہزار روپے کیٹرنگ والے سے وصول کررہے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں کورات کا کھانا فراہم کرنا بھی میزبانوں کی ذمہ داری ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر بھر کے اعداد و شمار کو جمع کیا جائے تو تقریبات کے انعقاد کراچی کے تھانوں کو ماہانہ کروڑوں روپے آمدنی ہورہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اگر کوئی کیٹرنگ والا یا شہری اپنی تقریب کے لیے پولیس والوں کو رقم نہ دے تو اسے مختلف طریقوں سے تنگ کیا جاتا ہے ۔شہری حلقوں نے آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے اور شہر کے میدانوں اور پارکوں کو بچانے کے لیے پولیس کو پابند بنایا جائے پبلک مقامات تقریبات کا انعقاد نہ کیا جائے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر /کراچی صفحہ اول