پارٹی گھروں سے نہیں چلتی، متحدہ کا مرکز بہادر آباد ہے، رؤف صدیقی

پارٹی گھروں سے نہیں چلتی، متحدہ کا مرکز بہادر آباد ہے، رؤف صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی اور رابطہ کمیٹی کے رکن رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ اگر ہم پارٹی میں میرٹ کو پامال کریں گے تو کہیں کے نہیں رہیں گے، پارٹی گھروں سے نہیں چلتی، ایم کیو ایم کا مرکز بہادر آباد میں ہے۔میڈیا سے بات چیت میں رؤف صدیقی نے کہاکہ ایم کیو ایم کی روایت میرٹ ہے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا، ہماری جماعت میں کوئی دیڈلاک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستار بھائی رابطہ کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر اجلاس کریں، ان کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو ہم سے شیئر کریں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی دو تہائی اکثریت کے ساتھ فیصلے کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین میں کنوینئر کا ووٹ نہیں ہوتا، اگر ووٹنگ میں ٹائی ہوجائے تو کنوینئر ووٹ ڈال سکتا ہے، پڑھے لکھے لوگوں کی پارٹی ہے اس لیے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیااور نہ ہی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیاں اس طریقے سے ہورہی تھیں جس کا کوئی سر تھا نہ پیر، ایم کیو ایم میں 7،8 ماہ سے یہ معاملات چل رہے تھے، پارٹی گھروں سے نہیں چلتی، ایم کیو ایم کا مرکز بہادر آباد میں ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر /کراچی صفحہ اول