حسن ابدال: غربت سے تنگ باپ نے 13 سالہ بیٹی 53 سالہ شخص سے بیاہ دی
اٹک (آن لائن)غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر باپ نے اپنی 13سالہ بیٹی کائنات کو 53 سالہ شخص سے بیاہ دیا،پولیس نے شادی کی تقریب پر دھاوا بول دیا،دولہااورلڑکی کاوالد گرفتارجبکہ نکاح خواں فرار ہوگیا۔
حسن ابدال کے گاﺅں پنڈ مہری میں چائلڈ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آگیا،پولیس کواطلاع ملی کہ مردان کا رہائشی محمد عارف جوکہ حسن ابدال کے علاقہ پنڈ مہری میں رہائش پذیر کی بیٹی 13سالہ کائنات کی شادی کی رسم ادا کی جارہی ہے۔
پولیس نے فوری طور پر شادی والے گھر پہنچ کر پڑتال کی، کائنات کا نکاح شرعی بنیادوں پر 11 فروری کو کردیا گیا ہے اوراب رخصتی کی تقریبات جاری ہیں جس پر پولیس نے عارف اور دولہا اخترنواز کو گرفتار کرلیا جبکہ لڑکی کو دارالامان بھجوادیا۔
لڑکی کے والد اور دولہا کو عدالت میں پیش کیا جائے گاجبکہ لڑکی کا بیان بھی قلمبندکیاجائیگاکہ آیااسکی مرضی بھی شامل تھی یا نہیں۔