3 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز،انگلینڈ جیت کر بھی فائنل کی دوڑ سے باہر
ہملٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)تین ملکی سیریز کے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد2رنز سے شکست تو دے دی لیکن رن ریٹ بہتر نہ ہونے کی وجہ سے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا،نیوزی لینڈ ٹائٹل کے حصول کےلئے اب 21فروری کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گا۔
ہملٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں نیو زی لینڈ نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مخالف ٹیم نے کپتان این مورگن کی 80رنز کی ناقابل شکست کی بدولت سکور بورڈ پر 7وکٹوں کے نقصان پر194رنز کا ہندسہ سجا دیا،اس کے علاوہ ان کی اننگ میں ڈیوڈ میلان کے 53اور جیسن رائے 21رنز نمایاں رہے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3اورٹیم ساﺅتھی 2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔
ہدف کا تعاقب نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹین گپٹل اور کولن منارو نے کیا اور دونوں نے 6.3اوورز میں 78رنز کا مجموعہ سجا دیا ، منارو کے 57رنز بنانے کے بعدعادل راشد کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ،ویلمسن8رنز بنانے کے بعد لائم ڈوسوا ن کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے ،ٹیم اتنا اچھا آغاز ہونے کے باوجود ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور محض 2رنز سے میچ ہار گئی تاہم رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ۔
انگلینڈ کے این مورگن کو میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دا میچ کا ایوارڈدیا گیا۔
سیریز کا فائنل 21فروری بدھ کے روزآک لینڈ میں کھیلا جائے گا جس کے لئے آسٹریلیا کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے،کینگروز اس سیریز میں اب تک ناقابل شکست رہے۔