پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب روانگی خوش آئند ،چیئرمین سینیٹ اور دیگر حلقوں کے تمام تحفظات مسترد کرتے ہیں:سینیٹر ساجد میر

پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب روانگی خوش آئند ،چیئرمین سینیٹ اور دیگر حلقوں ...
پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب روانگی خوش آئند ،چیئرمین سینیٹ اور دیگر حلقوں کے تمام تحفظات مسترد کرتے ہیں:سینیٹر ساجد میر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے چیئرمین سینٹ اور دیگر حلقوں کی جانب سے پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب روانگی کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاک فوج سعودی عرب کو اندرونی سیکیورٹی خطرات میں معاونت کے لیے بھیجی گئی ہے،پارلیمنٹ کی ماضی کی قرار داد میں بھی واضح کیا گیا تھا کہ پاک فوج بیرونی فورسز سے نہیں لڑے گی صرف ان کی مدد کرے گی،پاک فوج کے دستوں کی روانگی کےموقع پر پارلیمنٹ کی پرانی قرار داد کا حوالہ دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

 مرکز 106 راوی روڈ لاہور میں ’’ آل پاکستان اہل حدیث کا نفرنس‘‘  کی تیاریوں کے سلسلے میں  منعقدہ پنجاب کے ضلعی ناظمین، امراء اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ برے وقت میں سعودی عرب پاکستان کے لیے جس طرح کام آیا ہے ہمیں اسے انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور ان کے احسانات کے مقابلے میں یہ معمولی سی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے فوجی دستوں کی سعودی عرب روانگی کو درست اقدام سمجھتے ہیں،سعودی عرب میں پاک فوج کے دستے سعودی افواج کو ٹریننگ دیں گے اور ان کی مدد کریں گے،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جب سعودی عرب کا یمن اور بحرین کے ساتھ تنازعہ شروع ہوا تھا اسی وقت ہی پاک فوج بھیج دینا چاہیے تھی۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہمیں سیکولر قوتوں اور ہمسایوں سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، بدقسمتی سے پارلیمنٹ کی قرار داد میں بھی انہی قوتوں کی فکر غالب رہی،سعودی عرب کے پاکستان پر مالی، سیاسی، رفاہی حوالوں سے بے پناہ احسانات ہیں،اسی طرح کشمیر کے مسئلہ پر ہمیشہ سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس تزک واحتشام کے ساتھ 8، 9 مارچ کو کالا شاہ کاکو میں منعقد ہو گی جس میں امام کعبہ خصوصی شرکت کریں گے،کانفرنس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندانِ توحید شریک ہوں گے، یہ کانفرنس استحکام پاکستان اور نفاذ اسلام کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گی، سیکولر قوتوں کی سازشوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ 

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور