اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی،ہم ماضی کی یادوں میں رہ کر زندہ نہیں رہ سکتے:محمد حفیظ

اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی،ہم ماضی کی یادوں میں رہ کر ...
اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی،ہم ماضی کی یادوں میں رہ کر زندہ نہیں رہ سکتے:محمد حفیظ

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار اوپنر اور پاکستان کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح ٹیم  پشاور زلمی کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کامیابی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ٹیم کو لگاتار دوسرے سال چیمپیئن بننے اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے پوری ٹیم کو  سخت محنت کرنا ہو گی۔واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ چکی ہے اور گذشتہ روز پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

محمد حفیظ نے نجی ٹی وی چینل ’’ ڈان نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ہمیشہ سے مانننا رہا ہے کہ چاہے ہم اچھا کریں یا برا؟ لیکن وہ گزر چکا ہوتا ہے اور ہم ماضی کی یادوں میں رہ کر زندہ نہیں رہ سکتے، ہم چیمپیئن ہیں لیکن ہمیں اس اعزاز کو برقرار رکھنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی بنیاد وہی ہے اور ٹیم کا حصہ بننے والے نوجوان کھلاڑیوں نے اسے مزید طاقت بخشی ہے۔اس موقع پر لاہور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سعد نسیم نے کہا کہ ٹیم کے تمام اراکین آپس میں گھل مل گئے ہیں اور ان سمیت تمام جونیئر کو ٹیم کے تجربہ کار اور سینئر اراکین اہم ہدایات دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ 22 فروری کو پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل