نکاح کی تصدیق کے بعد عمران خان اسلام آباد روانہ ہو گئے ،بشری بی بی بنی گالہ کب پہنچیں گی؟ اہم خبر سامنے آ گئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق ہوتے ساتھ ہی ملک بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان لاہور سے اکیلے ہی اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں اور ان کی تیسری دلہن بشریٰ بی بی ان کے ہمراہ نہیں ہیں تاہم وہ کب بنی گالہ پہنچیں گی اس حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نئے سال کے آغاز میں ہی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی پاکپتن کی پیرنی بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی خبروں نے ملک بھر میں سب کو چونکا کے رکھ دیا تھا ،معروف تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ کی جانب سے عمران خان کی تیسری شادی کی خبر بریک ہونے کے بعد ملک میں ایک طوفان بپا ہو گیا تھا تاہم عمران خان اس حوالے سے مکمل خاموش رہے جبکہ تحریک انصاف کے دیگر رہنما اس شادی کی مسلسل تردید کرتے رہے ۔اس خبر کے منظر عام آنے کے چند روز بعد ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے اس شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے کوئی شادی نہیں کی بلکہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو شادی کا صرف پیغام پہنچایا ہے ۔انہوں نے شادی کی خبریں چلنے پر میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں تاہم اس طرح کسی کی نجی زندگی اور کسی خاتون کا نام شامل کرنا کسی طور پر بھی درست نہیں۔دوسری طرف آج دو تقریبا پونے دو ماہ بعد عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کی تو ایک بار پھر میڈیا میں عمران کی کی شادی کی خبروں نے شہہ سرخیوں کی زینت بن گئی ہے ۔
نجی ٹی وی چینل’’جیو نیوز ‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان لاہور سے اکیلے ہی اسلام آباد روانہ ہو گئے اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی ان کے ہمراہ اسلام آباد نہیں گئیں تاہم وہ کب بنی گالہ میں اپنی راجدھانی سنبھالیں گی اس بارے میں کوئی اطلاعات سامنے نہیں آ سکیں ۔