پاک بحریہ اور ملائیشین نیوی کے مشترکہ مشق ’’مال پاکII-‘‘ کا انعقاد

پاک بحریہ اور ملائیشین نیوی کے مشترکہ مشق ’’مال پاکII-‘‘ کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاک بحریہ اور ملائیشیاء کی رائل نیوی کے درمیان کراچی میں باہمی مشق ’’مال پاکII-‘‘(MALPAK-II) کا انعقاد ہوا۔ رائل ملائیشین نیوی کے جہاز کے ڈی کستوری (KD KASTURI) اور کے ڈی مہا وانگسا(MAHAWANGSA) کثیر الملکی بحری مشق’’امن 2019‘‘ میں حصہ لینے کے لئے 7فروری 2019 کو کراچی پہنچے تھے۔ مشق کے اختتام پر ملائیشیاء کے جہازوں نے پاک بحریہ کے جہازوں کے ساتھ دو طرفہ مشق ’’مال پاکII-‘‘ میں حصہ لیا۔ یہ مال پاک مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی ، پہلی مشق کثیر الملکی بحری مشق ’’لیما‘‘کے اختتام پر ملائیشیاء میں منعقد ہوئی تھی۔پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے Z9ECہیلی کاپٹر کے ہمراہ، پی این ایس عظمت اور لانگ رینج میری ٹائم ایئر کرافٹ کے ساتھ اس مشق میں حصہ لیا۔ مشق کے ہاربر فیز کے دوران مشترکہ منصوبہ بندی اوررابطہ سازی پر مشتمل سرگرمیوں کا انعقاد ہوا جبکہ سی فیز کے دوران حتمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ ہار بر سر گرمیاں کانفرنسز، تربیتی سہولیات کے دورے اور صوتی رابطوں کی جانچ پر مشتمل تھیں۔ دورہ کرنے والے جہازوں کے افسران اور جوانوں نے کھیلوں کی سر گرمیوں میں بھی حصہ لیا۔ مہمان آفیسرزو جوانوں کے اعزاز میں پی این ایس سیف پر عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ مشق کے سی فیز کے دوران ہر قسم کے میری ٹائم آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں سمندر سے سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے، سمندر سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے اورسرچ اینڈ ریسکیوآپریشنز کی مشقیں شامل تھیں۔ پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات موجود ہیں ۔ دونوں ممالک تجارت اور عسکری اشتراک کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کثیر الملکی اور دو طرفہ مشقوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ دفاعی نمائشوں میں بھی بھر پور انداز سے شریک ہوتی ہیں ۔ ائل ملائیشین نیوی کے جہازوں کے ڈی کستوری اور کے ڈی مہاوانگسا کا کثیر الملکی بحری مشق’’ امن19‘‘ میں حصہ لینے کے لئے پاکستان کا دورہ اور باہمی مشق ’’مال پاکII-‘‘ میں شرکت دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین اشتراک اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہو ں گے۔