ناردرن کی ٹیم نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دیدی

ناردرن کی ٹیم نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دیدی
ناردرن کی ٹیم نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دیدی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی کرکٹر علی عمران کے جارحانہ 64 رنز اور باﺅلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ناردرن کی ٹیم نے میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو 9 رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ایم سی سی کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر ناردرن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ اوپنگ بلے باز علی عمران نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ سرمد بھٹی نے 21 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔

ایم سی سی کی جانب سے روی بوپارا سب سے کامیاب باﺅلر قرار پائے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دیگر باﺅلرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور صرف 74 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم سمت پٹیل اور راس وائٹلی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 40 رنز جوڑ کر جیت کی امید تو روشن کی مگر پوری ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بنا سکی۔ سمٹ پٹیل 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ وائٹلی نے 18 گیندوںپر 21 رنز بنائے۔

ناردرن کی جانب سے مبشر خان نے 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ منیر ریاض نے 21 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

مزید : کھیل