”لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے“

”لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے“
”لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے“

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کیلئے ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے، یہاں پی ایس ایل کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کی پی ایس ایل فائیو کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد عمران طاہر نے کہا کہ 2017ءمیں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اور یہاں کھیلنے کا موقع ملا، اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ میں اپنے شہر اور اپنے گھر میں کھیل رہا ہوں اس لئے اس کا تو اپنا مزہ ہے۔

عمران طاہر نے کہا کہ پاکستان میں سپر لیگ ہو رہی ہے، میں یہاں پلا بڑھا ہوں یہاں کھیلنا فخر کی بات ہے، ورلڈ الیون کے بعد اب میری فیملی مجھے یہاں براہ راست کھیلتا ہوا دیکھے گی۔پی ایس ایل کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے، سپانسر شپ کے معاہدے زیادہ ہوتے ہیں اور لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملتا ہے۔

لیگ سپنر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ میرا یقین اس بات پر ہے کہ پوائنٹس ٹیبل کی بجائے تسلسل کے ساتھ کھیلیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آپ کا کام محنت کرنا ہے، اس کا صلہ اللہ نے دینا ہے۔ملتان سلطانز کے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں جو کہ باصلاحیت ہیں، نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ ہمارے پاس لیجنڈری شاہد آفریدی بھی ہیں، ایسے کرکٹرز کا ہونا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔

مزید : کھیل