کنگ حمد یونیورسٹی سے متعلق کیس میں سیکرٹری نیشنل ہیلتھ اینڈ سروسز اورسی ڈی اے کو نوٹسز جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے کنگ حمد یونیورسٹی سے متعلق کیس میںسیکرٹری نیشنل ہیلتھ اینڈ سروسز اورسی ی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کنگ حمد یونیورسٹی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ قطر کی حکومت نے دس سال قبل دس ارب روپے عطیہ کئے تھے ،کیا سی ڈی اے نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے اراضی دے دی ہے ؟،نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیا کہ نیب کا اس کیس کے ساتھ کیا لینادیناہے ؟،ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ عدالت نے نیب کوکام کرنے سے روک رکھا ہے ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بہتر ہے نیب کام کرنے سے رکا رہے پہلے ہسپتال بن جانے دیجئے ،میئرصاحب بتائیں یہ اراضی تاحال فراہم کیوں نہیں کی گئی ،میئر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے مقدمے میں عدالت پیش ہواہوں یہ معاملہ سی ڈی اے سے متعلقہ ہے ۔سپریم کورٹ نے سیکرٹری نیشنل ہیلتھ اینڈ سروسز اورسی ڈی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔