کرونا وائرس،ہلاکتوں اور نئے کیسز کے اندراج میں کمی لیکن وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے ماہرین کیا کہتے ہیں؟
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین میں پھیلنے والے کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے کمی آرہی ہے، چینی حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں نئے کیسز کی تعداد دوہزار سے کم ہوگئی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس وائرس پر قابو پا لیاگیاہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے قومی ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ قاتل وائرس نے مزید 98زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 1ہزار868ہوگئی ہے۔وائرس سے متاثرہ نئے ایک ہزار آٹھ سو چھیاسی کیسز بھی سامنے آگئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد72ہزار436ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیس جنوری سے اب تک پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ نئے کیسز کی تعداد دوہزار سے کم ہے جبکہ گیارہ فروری کے بعد پہلی بار ایک دن میں سو سے کم افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
چین سے باہر چھبیس ممالک میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ وہاں مجموعی طور پر آٹھ سو ستائیس افراد متاثرہ ہیں جبکہ پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔چینی محکمہ صحت کے مطابق کیسز میں کمی اس بات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔