بھارت میں سیکیورٹی گارڈ نے لڈو کی گیم ہارنے پر ساتھی کو قتل کر دیا لیکن اس کے بعد یہ گرفتار کس طرح ہوا ؟ جان کر آپ بھی چکرا جائیں گے
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پوائی پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران ایک پیشہ ور قاتل کر گرفتار کر لیا ہے ، تین ماہ قبل پولیس کومعلوم ہوا کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے موبائل فون سمیت تمام الیکٹرانک ڈیوائسز کا استعمال ترک کردیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق 38 سالہ ایوی ناش کمار پانڈے 27 اکتوبرکو اپنے ساتھی 22 سالہ سیکیورٹی گارڈ انکت سنگھ کو قتل کرنے کے بعد ممبئی سے فرار ہو گیا تھا ۔پوائی کے علاقے لودھا سپریم میں یہ دونوں سیکیورٹی گاڑی کی نوکری کرتے تھے ، ایوی ناش کمار کا یہ تیسرا قتل ہے جبکہ اس سے پہلے اس نے اتر پردیش میں سن 2000 اور 2008 میں قتل کیے تھے ۔پولیس کا کہناہے کہ پانڈے کو دہلی کی کملہ مارکیٹ میں ایک ٹپ ملنے پر ٹریس کیا گیا تھا ۔
پولیس کے مطابق پانڈے اور انکت سنگھ کام کی جگہ پر ہی رہا کرتے تھے ، پانڈے اور انکت موبائل فون پر آن لائن لڈو گیم کھیل رہے تھے کہ انکت نے اسے شکست دیدی جس پر ایوی ناش پانڈے بے حد غصے میں آ گیا اور اس نے باورچی خانے میں استعمال ہونے والی چھری سے اس کا گلا کاٹ دیا اور قتل کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا ۔
انکت سنگھ کو قتل کرنے کے بعدپانڈے پہلے پونے گیا جس کے بعدوہاں سے ستارا ، راجکوٹ ، اوریسا سے ہوتا ہوا بنگلورو آیا تاہم آخر کار وہ اس مہینے واپس دہلی پہنچا ، ہر ایک شہر میں رکتے ہوئے اس نے پیسے کمانے کیلئے گارڈ کی نوکری کی ۔ اتر پردیش میں اس کے کرائم ریکارڈ کے باعث اس کی اطلاع دینے والوں کو دس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا ۔
پولیس کا کہناتھا کہ آخر کار پولیس کی ٹیم نے ٹپ ملنے پر کارروائی کی اور اسے گرفتار کر لیا ، پولیس ٹیم میں انسپکٹر سدھاکر کمبلے ، انسپکٹر سنتوش ساونت اور سب انسپکٹر ونود لاڈ شامل تھے ۔