سی پیک، جنرل عاصم سلیم باوجوہ نے خوشخبری سنا دی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے،انہوں نے یہ بات چیئرمین سی پیک جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔جنرل عاصم سلیم باجوہ نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں کہا کہ سعودی سفیر نے انہیں بتایا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار سی پیک منصوبوں کے دوسرے مرحلوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بیجنگ سی پیک کے تحت ساٹھ ارب ڈالر سے زائد رقم دینے کا وعدہ کر چکا ہے،جس میں بجلی،سڑکوں،نئے ریلویز اور بڑی بندرگاہوں کی تعمیر شامل ہے،تاکہ پاکستان کو دنیا کے ساتھ مغربی چین کو جوڑنے کیلئے بڑی راہداری میں تبدیل کرنے میں مدد دی جاسکے۔سعودی سفیر نے ملاقات میں برادرانہ معاونت کے عزم کو دوہرایا اور بتایا کہ سعودی سرمایہ کار توانائی،تیل وگیس،فوڈ سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سرمایہ لگانے کے خواہاں ہیں۔