”میرا بیٹا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہو گا“ معین خان ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے بیٹے کے گن گانے لگے

”میرا بیٹا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہو گا“ معین خان ایونٹ ...
”میرا بیٹا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہو گا“ معین خان ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے بیٹے کے گن گانے لگے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی اٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں نسیم شاہ، محمد حسنین اور اعظم خان ترپ کا پتہ ثابت ہو ں گے کیونکہ تینوں کھلاڑی تن تنہاءمیچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے آغاز میں صرف دو روز باقی رہ گئے ہیں جس کے ابتدائی دو میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوں گے جس کے بعد قذافی سٹیڈیم لاہور میں بھی کرکٹ کی دنیا کے ستارے جگمگائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیمیں اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں جنہوں نے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کیا ہے اور ہر ٹیم ہی ٹائٹل جیتنے کی امید لئے میدان میں اترنے کی منتظر ہے۔

دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین کا خیال ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں کیلئے اوپر آنے کا بہت زبردست موقع ہے اور انہیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ فاسٹ باﺅلر محمد حسنین، نسیم شاہ اور بلے باز اعظم خان پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہوں گے۔

سابق کپتان نے کہا ”کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں سے 3 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہر کھلاڑی ہی بھرپور صلاحیتوں کا مالک ہے تاہم میرے خیال میں محمد حسنین، نسیم شاہ اور اعظم خان تن تنہاءمیچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، حسنین اور نسیم شاہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیابی کا مزہ بھی چکھ چکے ہیں، ان کی رفتار ہمارے لئے بہت اہم ہو گی جو مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا سکتی ہے۔“

ان کا کہنا تھا ”اسی طرح اعظم خان بھی ایک ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہے، وہ بڑی بڑی شاٹس مارتا ہے اور شاندار استعداد کا مالک ہے۔ جس طرح وہ پریکٹس کر رہا ہے اور اپنے کھیل پر سخت محنت کر رہا ہے، ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملنے پر وہ زبردست تاثر چھوڑ سکتا ہے۔“

مزید : کھیل