”امید ہے جیسا پیار کراچی میں ملا تھا، وہ پورے ملک میں ملے گا“ کراچی کنگز کے غیر ملکی کرکٹر نے پاکستانیوں کو ’چیلنج‘ دیدیا

”امید ہے جیسا پیار کراچی میں ملا تھا، وہ پورے ملک میں ملے گا“ کراچی کنگز کے ...
”امید ہے جیسا پیار کراچی میں ملا تھا، وہ پورے ملک میں ملے گا“ کراچی کنگز کے غیر ملکی کرکٹر نے پاکستانیوں کو ’چیلنج‘ دیدیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کولن انگرام نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پاکستان میں مکمل انعقاد سے اس کی دلچسپی اور بھی بڑھ جائے گی اور امید ہے کہ جیسا پیار پہلے کراچی میں ملا تھا، ویسا اب پورے ملک میں ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق کولن انگرم نے پی ایس ایل میں باؤلنگ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شمار دنیا کی ٹاپ لیگز میں ہوتا ہے اور اس نے ہمیشہ پاکستان کو باصلاحیت باؤلرز دئیے ہیں، ہر ٹیم کے پاس ایک اچھا سپنر ہے جبکہ کچھ کے پاس دو ہیں اور اس کیساتھ ہی فاسٹ باؤلنگ بالخصوص ڈیتھ باؤلنگ کا ٹیلنٹ کمال ہے۔ ایک بلے باز کی حیثیت سے اکثر میرے لئے یہ حیران کن ہوتا ہے کہ کس طرح ایک نامعلوم باؤلر آتا ہے، تباہ کون باؤلنگ کرتا ہے اور چھا جاتا ہے، یہ خوشی کی بات ہے کہ پی ایس ایل سے ایسے کرکٹرز سامنے آرہے ہیں۔

کولن انگرام پی ایس ایل کیلئے کراچی کنگز سے اسلام آباد یونائیٹڈ منتقل ہوچکے ہیں اور انگرام پی ایس ایل کی کامیاب ترین فرنچائز کے ساتھ دلچسپ کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے گزشتہ برس شارجہ میں 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جسے یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک یادگار شام تھی، مجھ پر بھی سکور کیلئے دباؤ تھا اور ٹیم بھی دو میچز ہار چکی تھی تو ضروری تھا کہ کچھ رنز سکور کرتا، خوشی ہے کہ اس اننگز کے بعد ٹیم کامیاب ہوئی اور ٹورنامنٹ میں واپس آئی۔

گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے کولن انگرم نے کہا کہ میرے لئے سب کچھ حیرت انگیز تجربہ تھا اور یہاں آکر اندازہ ہوا کہ لوگ کرکٹ کیلئے کس قدر بے تاب تھے۔ امید ہے کہ جیسا پیار پہلے کراچی میں ملا تھا، ویسا اب پورے ملک میں ملے گا۔

مزید : کھیل