پنجاب کابینہ، عوامی مفاد کے فیصلے!
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی صدارت میں کابینہ نے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ایکٹ2014ء کے سیکشن19کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت فلیٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی اور ساتھ ہی ایل ڈی اے کے پنجاب بنک سے معاہدہ کی بھی منظوری دی ہے، جو ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ کابینہ نے الاٹمنٹ کا طریق کار بھی طے کر دیا۔ تیار شدہ فلیٹوں کا 50فیصد عوام کے لئے، 20فیصد صوبائی ملازمین،20فیصد ایل ڈی اے ملازمین اور10فیصد وفاقی ملازمین کے لئے ہو گا، وزیراعلیٰ نے صحافیوں اور وکلاء کے لئے بھی کوٹہ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے، پہلے مرحلے میں چار ہزار اپارٹمنٹ تعمیر ہوں گے، ان میں ہر فلیٹ کی قیمت27لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ حکومت 3لاکھ روپے تک سبسڈی (رعایت) بھی دے گی، اسی اجلاس میں صوبے میں دو سیمنٹ پلانٹ لگانے اور11ہزار سے زائد چھوٹے ملازمین ڈرائیور، الیکٹریشن، مکینک اور ڈسپیچ رائیڈرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے یہ سب فیصلے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لئے کئے، جن کی تعریف کی جائے گی۔ ان سے نچلے طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔