دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے چوکس رہنا ہے: جنرل باجوہ
راولپنڈی،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات پی اے ایف ایئر وار کالج کراچی کے دورے کے موقع پر افسروں سے خطاب میں کہی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اور چیف آف لاجسٹک لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔آرمی چیف نے ایئر وار کورس کے شرکا ء سے خطاب میں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور کامیابیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے افسران جدید رجحانات سے خود کو روشناس کریں۔جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ جدید جنگی تقاضوں اور رجحانات میں ہر وقت تیار رہنا ضروری ہے۔ ہمیں موجودہ چیلنجز کیلئے خود کو ہر وقت تیار رکھنا ہوگا۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینٹرل آرڈیننس ڈپو کراچی کا بھی دورہ کیا اور آرڈیننس کور کی لاجسٹک کاوشوں کو سراہا۔ آرمی چیف کو ایک صدی پرانے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔
جنرل باجوہ