لاہور میں کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جان کی بازی ہارگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )مناواں کے علاقہ میں چار سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جان کی بازی ہارگیا۔
ترجمان ریسکیو فاروق احمد کے مطابق مناواں کے علاقے گوپال پورہ میں چار سالہ حماد ولد افتخار گلی میں کھیلتے ہوئے گٹر میں گر گیا۔ اطلاع ملنے ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد حماد کو گٹر سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بیشتر گٹروں کے کوئی ڈھکن نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگ گرتے رہتے ہیں، کسی کی ٹانگ ٹوٹ جاتی ہے تو کسی کا بازو ٹوٹ جاتا ہے۔ ناقص سیوریج لائن اور کھلے مین ہول کی متعدد بار شکایات کی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔