ازدواجی تعلق سے انکار پربیوی کو قتل کرنے والے مجرم کو عدالت نے ایسی سزا سنا دی کہ انسانی حقوق کے کارکن سراپا احتجاج ہو گئے

ازدواجی تعلق سے انکار پربیوی کو قتل کرنے والے مجرم کو عدالت نے ایسی سزا سنا ...
ازدواجی تعلق سے انکار پربیوی کو قتل کرنے والے مجرم کو عدالت نے ایسی سزا سنا دی کہ انسانی حقوق کے کارکن سراپا احتجاج ہو گئے

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ازدواجی تعلق سے انکار پربیوی کو جان سے مار ڈالنے والے مجرم کو عدالت نے ایسی سزا سنا دی ہے کہ انسانی حقوق کے کارکن سراپا احتجاج ہو گئے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عدالت کی طرف سے اپنے فیصلے میں بیوی کے ازدواجی تعلق سے انکار کو اشتعال دلانے پر تعبیر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ”مجرم نے اپنی اہلیہ پر اچانک شدید اشتعال آنے کے سبب حملہ کیا، کیونکہ بیوی نے اسے پیچھے دھکیلتے ہوئے ازدواجی تعلق سے انکار کر دیا تھا۔“
عدالت کی طرف سے فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ بیوی نے مجرم کو پیچھے دھکیلتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم نہیں کرے گی بلکہ کسی اور مرد کے ساتھ کرے گی۔ اس پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا اور میاں نے چھری کے وار کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق 34سالہ سری نواسن نامی مجرم عدالت میں ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ مقتولہ نے کسی اور مرد کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھے تھے اور شوہر کی بجائے اس شخص کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتی تھی۔ مجرم کے اس عذر کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے اسے محض 10سال قید کی سزا سنا ئی ہے۔ 
واضح رہے کہ سری نواسن نے 2018ءمیں اپنی بیوی کو قتل کیا تھا۔ رات کے وقت وہ اپنی بیوی کو چھری کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اس کی لاش پر مچھر مارنے والا سپرے کرکے سو گیا۔ اگلے روز مقتولہ کی والدہ کے رپورٹ کرنے پر پولیس گھر پہنچی تو مقتولہ کی لاش برآمد ہو گئی۔ سری نواسن نے بھاگنے یا جھوٹ بولنے کی بجائے پولیس کے ساتھ تعاون کیا اور انہیں پورا ماجرا بیان کر دیا۔