کنسرٹ کے بعد  گلوکار کو اغواء کرکے قتل کردیا گیا

کنسرٹ کے بعد  گلوکار کو اغواء کرکے قتل کردیا گیا
کنسرٹ کے بعد  گلوکار کو اغواء کرکے قتل کردیا گیا
سورس: Instagram

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بوگوٹا (ڈیلی پاکستان آن لائن) کولمبیا کے معروف گلوکار زائر گیٹے کو  ایک کنسرٹ کے بعد اغوا  ءکرکے  بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔  وہ ایکس فیکٹر کے سپن آف شو ایل فیکٹر ایکس میں اپنی بہترین پرفارمنس سے مشہور ہوئے تھے۔ مقامی افراد نے زائر گیٹے کی لاش ایک دور دراز علاقے میں دیکھ کر حکام  کو مطلع کیا۔ 24 سالہ گلوکار کے ہاتھ اور پاؤں بندھے ہوئے تھے اور اس کا منہ بھی لپٹا ہوا تھا۔ فارنزک ماہرین کے مطابق ان کے جسم پر شدید زخموں کے نشانات اور گولیوں کے زخم پائے گئے۔ ان کی موت کی وجہ سر میں گولی لگنا بتائی گئی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق زائر گیٹے کے ساتھ ان کے مینیجر ٹیڈی ورگارا الواریز بھی موجود تھے جو شدید زخمی حالت میں قریبی علاقے میں پائے گئے۔  انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی وہ کنسرٹ سے نکلے مسلح افراد نے انہیں روک لیا اور ایک ویران علاقے میں لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ٹیڈی ورگارا کا کہنا ہے کہ وہ مردہ ہونے کا ڈرامہ کر کے اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔ انہیں کولمبیا کے شہر گینیبرا کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا بعد ازاں انہیں بُوگا کے بڑے طبی مرکز میں منتقل کر دیا گیا۔ حکام قتل کے پیچھے محرکات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
زائر گیٹے کا تعلق کولمبیا کے شہر بارانکیجا سے تھا اور ان کے انسٹاگرام پر  ایک  لاکھ 75 ہزار فالوورز تھے۔ ان کے دادا نے انہیں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے کی ترغیب دی تھی۔ زائر نے اپنے کیریئر کا آغاز میکسیکو میں روایتی میکسیکن موسیقی گانے سے کیا اور بعد ازاں اٹلی اور سپین سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں بھی پرفارم کیا۔ وہ کولمبیا میں ریئلٹی شوز آ اوترو نیول، ایل فیکٹر ایکس اور یو میں لامو میں اپنی شرکت کے بعد مزید شہرت حاصل کرنے میں کامیاب  ہوئے۔ سنہ 2021 میں 'ایل فیکٹر ایکس' میں ان کے آڈیشن نے ججز کو حیران کر دیا تھا اور انہیں خوب داد ملی تھی۔

مزید :

تفریح -