حکومت سازی کیلئے پارٹی بہت جلد عمل شروع کرے گی‘ترجمان پی ڈی پی

حکومت سازی کیلئے پارٹی بہت جلد عمل شروع کرے گی‘ترجمان پی ڈی پی

  

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سرپرست اعلی مرحوم مفتی محمد سعید کے حق میں نماز جمعہ کے بجبہاڈہ کے دارہ شکوہ باغ میں انکے مقبرے پراجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقعے پر مرحوم کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی اور ایثالِ ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ تعزیتی تقریب میں مفتی محمد سعید کی صاحبزادی اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ،مرحوم کے فرزند تصدق مفتی اور محبوبہ مفتی کی دو بیٹیوں کے علاوہ پارٹی کے سینئر لیڈران مظفر حسین بیگ ،نعیم اختر، نظام الدین بٹ ، رفیع احمد میر ،سید محمد الطاف بخاری ، عبدالحق خان ، عبدالرحمان ویری ، عبدالمجید پڈر،عمران رضا انصاری ،ڈاکٹر حسیب درابو،پیر زادہ منصور اور محمد عباس وانی سمیت کئی ممبران اسمبلی کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے والد محروم کے مقبرے پرتقریبا15منٹ قیام کیا ۔محبوبہ مفتی نے فاتحہ خوانی کے اختیام پر پارٹی کارکنوں کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کیا تاہم صدمے کی وجہ سے لب کشائی نہ کرسکی ۔ فاتحہ خوانی تقریب میں ہزاروں کی تعدا د میں پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔کارکنوں نے مرحومہ مفتی محمد سعید اور پارٹی کے حق میں نعرے بلند کئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم نعیم اختر نے کہا کہ حکومت سازی کیلئے پارٹی بہت جلد عمل شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی تمام لیڈران کے ساتھ صلح مشورہ کرے گی تاہم حتمی فیصلہ صدر محبوبہ مفتی کو ہی لینا ہوگا ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کیلئے اپنے پیغام میں انہیں اپیل کی کہ وہ پارٹی کا ساتھ جاری رکھیں اور مرحوم کے مشن کو عملی جامعہ پہنانے میں اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی مرحوم مفتی محمد سعید کے ادھورے مشن کو آگے بڑھائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے سلسلے میں پارٹی کے اندر غور وخوض جاری ہے ،تاہم نئی حکومت سازی کے حوالے سے ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا

مزید :

عالمی منظر -