خیبر پختونخوا چیمبر کا وفد تنزانیہ میں 21فروری کو منعقد ہونیوالی صنعتی نمائش میں شرکت کریگا

خیبر پختونخوا چیمبر کا وفد تنزانیہ میں 21فروری کو منعقد ہونیوالی صنعتی نمائش ...

  

پشاور(این این آئی) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اعلیٰ سطحی وفد مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ میں 21 سے 25 فروری 2016ء تک منعقد ہونیوالی صنعتی نمائش میں شرکت کرے گا جبکہ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید اور ریڈینٹ بزنس مین فورم کے مابین صوبہ خیبر پختونخوا کی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور برآمدات کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ریڈینٹ بزنس مین فورم کے پراجیکٹ منیجرمصطفی اری، یوتھ ونگ کوآرڈنیٹرگون اون اور سیکرٹری قاضی عزیر نے خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید اور نائب صدر شجاع محمد سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران محمد اقبال ٗ اشتیاق محمد ٗ ملک افتخار احمد اعوان ٗ فیض محمد فیضی ٗ مظہر الحق اور غضنفر ساول سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید نے ریڈینٹ بزنس مین فورم کی جانب سے تنزانیہ میں ایگزیبیشن کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور خیبر پختونخوا چیمبر معاشی پالیسیوں کی تشکیل کیساتھ ساتھ صوبے میں صنعت و تجارت کے فروغ اور معیشت کی بحالی کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے صنعتی اداروں میں پیداواری صلاحیت کے بل بوتے بیرون ممالک معیاری مصنوعات کی رسائی کیلئے ریڈینٹ بزنس مین فورم بھرپور تعاون کرے گا ۔ وفد نے اس موقع پر تنزانیہ بزنس ٹرپ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ خیبر پختونخوا کی مصنوعات کو افریقی ممالک تک رسائی کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا ۔

انہوں نے بتایا کہ تنزانیہ میں 90فیصد مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں۔

اس سلسلے میں پاکستان کے لئے وہاں کی منڈیاں بڑی پرکشش ہوگی جس سے خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں کو فائدہ ہوگا اور معیشت کو استحکام نصیب ہوگا۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید نے ریڈینٹ بزنس مین فورم کی ٹیم کے اراکین صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھی آگاہ کیا اور تنزانیہ کے سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرکاری کی دعوت بھی دی۔

مزید :

کامرس -