ایل پی جی من پسند نرخوں پر فروخت ،خریداروں کانوٹس کا مطالبہ
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) شہر میں ایل پی جی من پسند نرخوں پر فروخت کی جانے لگی ہے جس میں شمالی لاہور کے علاقہ میں ڈیلروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اپنے طور پر کمی و بیشی کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے بعد ایل پی جی 100 روپے فی کلو سے 105 روپے فی کلو اور کہیں 95 روپے فی کلو کے حساب سے بھی فروخت کی جا رہی ہے جس پر ریلوے اسٹیشن ، لاری اڈہ، گجر پوہ، کوٹ خواجہ سعید، مصری شاہ اور باغبانپورہ سمیت کپ سٹور کے علاقوں میں ایل پی جی کی دکانوں پر رش بڑھ کر رہ گیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں دوہرے معیار کا خاتمہ ہونا چاہیے ایک طرف ایل پی جی 100 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ڈیلروں نے اپنی مرضی سے نرخوں میں کمی کر رکھی ہے۔ اس پر حکومت کو نوٹس لینا چاہیے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اوگرا کے فارمولے کے مطابق کمی و بیشی کی جانی چاہیے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کہیں ایل پی جی 100 روپے اور کہیں 105 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ شمالی لاہور کے علاقوں سمیت شہر کے علاقوں میں ایل پی جی 95 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جو کہ زیادتی ہے، جبکہ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی ہے۔ ایل پی جی کے موجودہ نرخ 100 روپے فی کلو ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی یا بیشی صرف اوگرا کا اختیار ہے۔