اسلام اور دہشتگردی کا ناطہ جوڑنا عالمی سازش ہے،ریاض شاہ
لاہور (نمائندہ خصوصی)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ اسلام اور دہشتگردی کا ناطہ جوڑنا عالمی سازش ہے۔ مسلمانوں پر انتہا پسندی کا لیبل لگا کر اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے۔ علماء اسلام اور جہاد کے حقیقی تصور کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔ مسلمانوں کے ساتھ ناانصافیاں بند کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں جماعت اہلسنّت برطانیہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ او آئی سی اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ اسلامی ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر عالمی امن نا ممکن ہے۔ داعش اور القاعدہ غیر مسلمو ں کی بنائی ہو ئی تنظیمیں ہیں۔ دہشتگردی کا ہوا کھڑا کرکے مسلمانوں کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی کے خاتمہ سے امت مسلمہ کے آدھے مسائل حل ہو جائیں گے۔