بھارت میں ایک کھرب 55ارب روپے سے ’’سٹارٹ اپ انڈیا ‘‘ سکیم کا اعلان
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت میں ایک کھرب 55ارب روپے کے فنڈ سے اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے،جس کا مقصد صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دلی میں " اسٹارٹ اپ انڈیا" کی تقریب سے خطاب میں بتایا کہ نیا کاروبار شروع کرنے والوں سے 3سال تک کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا،نئے کاروبار کو کیپیٹل گین ٹیکس سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت میں کاروبار کے فروغ کیلئے ایک کھرب 55ارب روپے کے فنڈ کا اعلان کیا ہے،اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم کا مقصد صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینا ہے،جس کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے دیے جائینگے، جس کے لیے سالانہ 5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ سوچتے تھے کہ ایک چائے والابھی ہوٹل چین کیوں نہیں شروع کرسکتا، اس مقصد کیلئے انہوں نے یہ اسکیم شروع کی ہے تاکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کرکے ملکی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔