بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، صدیق میمن

بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، صدیق میمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی واضح پالیسی کہ زبوں حال اسکولوں کی مرمت کرائی جائے اس لیے ہی سکھر اور خیرپور کا دورہ کیا ہے کہ عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ اسپتالوں میں عوام اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جلد فنڈز جاری کیے جائیں گے اس لیے ہی تمام محکموں کے سیکریٹریز کو طلب کیا گیا تھا اس سے قبل مہران یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور کندھر نے چیف سیکریٹری سندھ کو یونیورسٹی میں کی جانے والی تعمیرات شعبوں کو فنکشنل کرنے اور مختلف پروجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے یونیورسٹی کی مزید تعمیرات اور حدف حاصل کرنے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا گیا جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے فوری طور پر بذریعہ فون متعلقہ آفیسر کو اے ڈی پی کے سیکنڈ اور تھرڈ کوارٹر کی رقم آئندہ پیر کو جاری کرنے کے احکامات دیے ۔دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا گیا جس میں چیف سیکریٹری سندھ نے خاص دلچسپی کا مظاہرہ کیا اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے پرسنل سیکریٹری مظہر خان، ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی، ایس ایس پی سید پیر محمد شاہ ،پروجیکٹ ڈائریکٹر خیرپور اسپیشل اکنامک زون کیپٹن انوار الحق ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر یوسف شیخ،اسٹیٹ آفیسر سیکیورٹی پیر ندیم جان سرھندی اور دیگر آفیسر ز موجود تھے۔اس سے قبل کمشنر سکھر ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خیرپور نے چیف سیکریٹری سندھ کو خیرپور اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کرایا دریں اثناء خیرپور شہر سے متصل گوشہ تسکین کا بھی دورہ کرایا گیا ۔