بالی ووڈ اداکارہ کلکی کوچلن کی کراچی آمد ، شرمیلا فاروقی سے ملاقات، پراجیکٹ سائن کئے جانے کی خبریں
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کلکی کوچلن کو کراچی میں دیکھا گیا ہے ۔چند روز قبل ہی سینئر بھارتی ادکار اوم پوری اپنی ڈیبیو پاکستانی فلم کا اعلان کرنے کے لئے شہر قائد آئے تھے ۔ یاد رہے کہ اوم پوری کی پہلی پاکستانی فلم عید الضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی ۔
ابھی کلکی کے دورہ کا مقصد سامنے نہیں آ سکا تاہم فلم ”مارگریٹا وِدآ سٹرا“کی اداکارہ کو صوبائی وزیر ثقافت اور سیاحت شرمیلا فاروقی کے ساتھ دیکھا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر شرمیلا فاروقی نے بالی ووڈ اداکارہ کلکی کے ہمراہ لی گئی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر شیئر بھی کی ۔
کلکی کو سندھ کے شہر بدین میں سندھی اجرک اوڑھے ہوئے ایک فارم کا دورہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔
pak_celebzانسٹا گرام اکاﺅنٹ پر کلکی کے بدین کے ایک فارم کا دورہ کرتے ہوئے لی گئی تصاویربھی اپ لوڈ کی گئی ہیں ۔ بدین میں فارم کا دورہ کرتے ہوئے وہ انتہائی پُرمسرت دکھائی دے رہی تھی ۔
افواہیں زیر گردش ہیں کہ کلکی ایک معاہدے پر دستخط کے لئے پاکستان آئی ہیں ۔
کلکی کوچلن نے ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ “ اور”یہ جوانی ہے دیوانی “ جیسی بالی ووڈ کی بلاک باسٹرز فلموں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ وہ بچوں کے جنسی استحصال کیخلاف بھی آواز بلند کرتی رہتی ہیں ۔
کلکی کے دورہ کا خواہ جوکچھ بھی مقصد ہو لیکن ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان سرحد پار ٹیلنٹ کے لئے اپنے ملک میں آزاد سفر کے لئے دروازے کھول چکا ہے ۔