کشمیری یوتھ

کشمیری یوتھ

مکرمی!مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ،کیونکہ جب تک پاکستان اور بھارت کے مابین یہ مسئلہ موجود ہے جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں اور مسئلہ کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل نا کامی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنے وعدوں کا پاس کرنا چاہیے اور کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت ملنا چاہیے ۔ کشمیری نوجوانوں بُرھان وانی اور ساتھیوں کی شہادت کے ساتھ ہی تحریک آزادی کشمیر نے ایک نیا رُخ اختیار کر لیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں مظاہروں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کو دبانے کے لئے بھارتی قابض فورسز نے ایک بار پھر اس جنت نظیر وادی میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر دیا ہے حالیہ تشدد میں اب تک سو سے زیادہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ بُرھان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے انڈین فورسز اور بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف آواز بلند کی اور نئی نسل کا ایک پڑھا لکھا کشمیر ی نوجوان ہونے کے ناطے کشمیریوں کے مطالبات کو سوشل میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں پھیلایا ۔اُس کی موت سے یہ سلسلہ رُک نہیں سکتا ،بلکہ اب اور کشمیری نوجوان آگے بڑھیں گے اور برُھان وانی کا کام جاری رکھیں گے۔(ندا اظہر ڈیفنس لاہور)

مزید : اداریہ