قائدا عظم سولر پارک منافع بخش منصوبہ

قائدا عظم سولر پارک منافع بخش منصوبہ

یہ خبر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ قائدا عظم سولر پارک بہاول پور کی پیداوار شروع ہونے کے ایک سال بعد 90کروڑ روپے منافع ہوا کمپنی کے چیئرمین عارف سعید نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو منافع کی رقم کا چیک پیش کیا۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ساری رقم ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے دینے کا اعلان کیا۔قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں ایک سو میگا واٹ بجلی کی پیداواری گنجائش موجود ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ آئندہ ایک سال میں منافع کی شرح میں اضافہ ہوگا۔جب یہ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تو بعض حلقوں نے کچھ اعتراضات کئے تھے جن کا اعادہ اب تک ہو رہا ہے، تحفظات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے خاص طور پر یہ کہ جس کمپنی کو اس منصوبے کی تکمیل کا ٹھیکہ دیا گیا،اُسے اتنے بڑے منصوبے پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں۔یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ منصوبہ ناکام ہو جائیگا لیکن وزیر اعلیٰ محمد شبہاز شریف نے ان تمام خدشات اور اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے قائداعظم سولر پارک کے منصوبے کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ یہ کہا جاسکتا ہے کہ بعض حلقوں کے اعتراضات درست نہیں تھے،جنہیں مخالفت برائے مخالفت بھی کہا جاسکتا ہے۔قائداعظم سولر پارک بہت بڑا منصوبہ ہے چولستان میں کئی چیلنجوں کا سامنا کر تے ہوئے اس کی تکمیل ہوئی اور گزشتہ ایک سال سے منافع دے رہا ہے۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے منافع کی مَد میں حاصل ہونے والی رقم (90کروڑ روپے) ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وہ بھی لائق تحسین ہے۔ صحت کی سہولتوں میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

مزید : اداریہ