کمشنر کاتفصیلی دورہ رنگ روڈ ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
لاہور(جنرل رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن و چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی عبداﷲ خان سنبل کو رنگ روڈ کے زیر تعمیر جنوبی حصہ (سادرن لوپ) پر جاری ترقیاتی کاموں کے معیار و رفتار کا جائزہ لینے کے لیے دورے کے دوران آگاہ کیا گیا کہ سدرن لوپ پر 44 فیصد کام ہو چکا ہے۔ 460 میں سے 327 پائلز مکمل کر گئی ہیں۔ 380 میں سے 40گارڈرز بھی مکمل ہیں جبکہ ارتھ ورک، واٹر باؤنڈ اور اسفالٹ کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے سدرن لوپ کے آٹھ حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کماہاں، فیروزپور روڈ، ہلوکی، لیک سٹی، فضائیہ سوسائٹی اور زیر تعمیر انٹرچینجز کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سدرن لوپ کے 22.4 کلومیٹر حصے پر کام اطمینان بخش رفتار سے جاری ہے اس لئے قوی امید ہے کہ سدرن لوپ کو متعین مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سادرن لوپ کی تعمیر کے لیے بھاری اسٹرکچر تعمیر ہو رہے ہیں جبکہ اردگرد کے علاقوں کی آسانی کو بہت زیادہ مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی عبداﷲ خان سنبل کو دی گئی بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او کرنل منعم عباس، لیفٹیننٹ کرنل محمد عرفان، میجرمحمد عدنان، چیف انجینئر رنگ روڈ نجم وحید، سہیل رضا ڈائریکٹر، شاہد الرحمن ڈائریکٹر،الیاس شاہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔