شہریوں کو بہترین ٹریفک کے ذریعے محفوط اور صاف راستہ فراہم کیا جائے گا ، لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر

شہریوں کو بہترین ٹریفک کے ذریعے محفوط اور صاف راستہ فراہم کیا جائے گا ، لارڈ ...

 لاہور(کرائم رپورٹر)لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے بہت ضروری تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ مشترکہ اجلاس رکھا جائے جہاں شہر میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے تجاویز اور اہم فیصلے کیئے جا سکیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ویژن ہے کہ لاہور یوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کر کے محفوظ اور صاف راستہ فراہم کیا جائے۔اب لاہور میں بلدیاتی نظام شہریوں کو حقیقی معنوں میں ڈلیور کرے گااور عوامی شکایات کو ارباب اختیار تک پہنچا کر حل کروائے گا۔اگر شہر میں ٹریفک نظام بہتر اور رواں دواں ہو تو ذہنی سکون رہتا ہے۔ہم سٹی ٹریفک پولیس کو مکمل یقین دلاتے ہیں کہ مجھ سمیت ہمارے ڈپٹی میئرز شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم اور ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے مکمل تعاون کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ہال میں شہر میں ٹریفک نظام کی مزید بہتری کے حوالہ سے مشترکہ اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین ، تمام ڈپٹی میئرز، سیف سٹی اتھارٹی اور لاہور پارکنگ کمپنی کے نمائندوں ، تمام TMOsاور سٹی ٹریفک پولیس کے ایس پیز اور ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ سید احمد مبین نے اس موقع پر کہا کہ اگر سب ڈیپارٹمنٹ نیک نیتی سے کام کریں تو شہر میں ٹریفک نظام مزید بہتر ہو سکتا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس اور بلدیاتی نمائندوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ شہریوں کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ محفوظ اور صاف ا راستہ کے ذریعے اپنی منزل مقصود تک بلا تاخیر پہنچ سکیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور کی اہم 5 شاہراؤں کو ماڈل قرار دیا ہے ۔ جہاں تجاوزات ، رانگ پارکنگ و دیگر تمام خلاف ورزیوں کے بارے زیروٹولرنس کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سٹی ٹریفک پولیس شہرکو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کر رہی ہے۔جس میں ہمیں ڈپٹی میئرز اور عوام کی انتہائی مدد مطلوب ہے۔سٹی ٹریفک پولیس کا بنیادی کام ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانا ، لوگوں میں ٹریفک ایجوکیشن اجاگر کرنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانا ہے۔ جس میں پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ ہم شہریوں کو سڑک پر بہترین خدمات فراہم کریں۔

مزید : علاقائی