موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات

موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات

لاہور(نامہ نگار )ماڈل ٹاون کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناقص تفتیش اور ناکافی شواہد کی بنیاد پر غفلت سے موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات میں ملوث دو ملزموں کو بری کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ طلعت وحید نے ملزموں زین رشید اور کامل کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کی، اچھرہ پولیس نے ٹریفک پولیس کی درخواستوں پر ملزموں کے خلاف دو مختلف مقدمات کے چالان پیش کئے، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزموں نے اچھرہ کے علاقہ میں غفلت سے موٹر سائیکل چلا کر سڑک پر جانے والے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالیں ،ملزموں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ٹریفک پولیس نے ملزموں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کئے ہیں پولیس کے پاس کوئی آزاد گواہ نہیں جس کے تحت ثابت ہو سکے کہ ملزموں نے غفلت سے ڈرائیونگ کی ہے ،عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ناقص تفتیش اور ناکافی شواہد کی بنیاد پردونوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4