ناقص تفتیش، تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات میں 11ملزم بری

ناقص تفتیش، تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات میں 11ملزم بری

لاہور(نامہ نگار )ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناکافی شواہد اور ناقص تفتیش کی بنیاد پر تیز رفتاری اور غفلت سے موٹر سائیکل چلانے کے مختلف مقدمات میں ملوث 11ملزموں کوبری کر دیاہے۔ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چودھری نے ملزموں شہزاد، طارق، بشارت، علی حیدر ،بلال، محمد منیر، عباس، رضوان، یوسف، سرفراز اور ظہیر کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کی۔

، مانگا منڈی اور شاہدرہ پولیس نے ملزموں کے خلاف 10مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے مانگا منڈی اور شاہدرہ کے علاقوں میں تیز رفتاری اور غفلت سے ڈرائیونگ کر کے سڑک پر جانے والے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالیں ،ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ملزموں کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ٹریفک پولیس نے معمولی غلطی کی بنیاد پر ملزموں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کروائے ہیں جبکہ پولیس کے پاس ملزموں کے خلاف تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے کے کوئی ثبوت موجود نہیں ،بلال سمیت تمام ملزموں کو بری کیا جائے، عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ناکافی شواہد اور ناقص تفتیش کی بنیاد پر تیز رفتاری اور غفلت سے موٹر سائیکل چلانے کے مختلف مقدمات میں ملوث مذکورہ تمام ملزموں کوبری کردیا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4