مختلف مقدمات میں ملوث 10ملزموں کو بری کردیا گیا
لاہور(نامہ نگار )جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناقص تفتیش کی بنیاد پر روڈ بلاک کرنے کے مختلف مقدمات میں ملوث 10ملزموں کو بری کر دیا ۔ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چودھری نے ملزموں خلیل، عبدالغفار، اکبر علی، تجمل حسین ،علی شیر، غلام فرید، اویس، سعید اورجاوید کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کی،
شاہدرہ اور سبزہ زار پولیس نے ملزموں کے خلاف 10مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبزہ زار اور شاہدرہ کے علاقوں میں سبزی اور پھلوں کی ریڑھیاں لگا کر روڈ بلاک کی، ملزموں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا اور شہریوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا لہذا تمام ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ملزموں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ٹریفک پولیس نے کارکردگی دکھانے کے لئے گزرتے ہوئے ریڑھی بانوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کروائے ہیں جبکہ ملزموں کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد بھی موجود نہیں لہذا علی شیر سمیت تمام ملزموں کو بری کیا جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ناقص تفتیش کی بنیاد پر روڈ بلاک کرنے کے مختلف مقدمات میں ملوث دس ملزموں کو بری کر دیا ہے۔