نیب نے آج تک کتنے ملزموں کوکیفر کردار تک پہنچایا عدالت کو سب علم ہے :لاہور ہائیکورٹ

نیب نے آج تک کتنے ملزموں کوکیفر کردار تک پہنچایا عدالت کو سب علم ہے :لاہور ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم 3رکنی فل بنچ نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی منظوری کے لئے سمری بھجوانے پر صوبائی وزیر زعیم حسین قادری کو طلب کر تے ہوئے مزید سماعت19جنوری تک ملتوی کر دی ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ عدالت کو سب علم ہے کہ نیب کی کارکردگی کیا ہے اور نیب نے کتنے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے ۔درخواست گزاروں کے وکلاء کا کہنا تھا کہ طالب علموں کے مستبقل سے کھیلنے کی بناء پر بی زیڈ یو لاہور کیمپس کو مستقل بند کرنا کا حکم دیا جائے۔عدالتی حکم پرسیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نسیم نواز نے لاہور کیمپس کی منظوری کے حوالے سے بنائی گئی سمری عدالت میں پیش کر دی۔عدالت کے علم میں لایا گیا کہ نامکمل سمری کے باوجود وزیر اعلی پنجاب کے مشیرزعیم حسین قادری کے ایماء پر لاہور کیمپس قائم کر دیا گیا۔بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کو بچانے کے لئے سب کیمپس قائم کیا،عدالتی استفسار پر انہوں نے تسلیم کیا کہ سب کیمپس کے قیام کے لئے سینڈیکیٹ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی،عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ محض بیان دینے پر کسی کو معصومیت کا سرٹیفیکیٹ نہیں دیا جا سکتا،یونیورسٹی سکینڈل پر نیب ریفرنس اپنی جگہ مگرعدالت سچ تک پہنچنا چاہتی ہے،کسی کو نیب ریفرنس کے پیچھے نہیں چھپنے دیا جائے گا،نیب نے آج تک کتنے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا عدالت کو سب علم ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک انرول کردہ تمام طالب علموں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔

نیب

مزید : علاقائی