روزنامہ پاکستان کی خبرپر ایکشن ،چیف جسٹس نے غیر معیاری سٹنٹ استعمال کرنے کا نوٹس لے لیا،وزیر اعلیٰ نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

روزنامہ پاکستان کی خبرپر ایکشن ،چیف جسٹس نے غیر معیاری سٹنٹ استعمال کرنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور سمیت ملک کے طول وعرض میں واقع کارڈیک سنٹروں اور دیگر ہسپتالوں میں دل کی بند شریانیں کھولنے کیلئے ڈالے جانے والے ناقص اور غیر رجسٹرڈ سٹنٹس ڈالنے اور ان کی خرید و فروخت کے معاملے اور مریضوں سے ہونے والے فراڈ کا نوٹس لے لیا ہے ۔چیف جسٹس نے اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے، واضح رہے کہ یہ نوٹس روزنامہ پاکستان میں اس فراڈ کے حوالے سے شائع ہونے والی تفصیلی خبروں پر لیا گیا ہے جس میں روزنامہ پاکستان نے انکشاف کیا تھا کہ لاہور کے میو ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں سٹنٹس غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ہیں اور یہ سٹنٹس مختلف کمپنیاں کلو گرام کے حساب سے بیرون ممالک سے منگواتی ہیں اور کمپنیوں کو یہ سٹنٹس 4ہزار سے 5700روپے تک پڑتا ہے اور مریض سے مختلف ہسپتالوں کے امراض قلب کے ڈاکٹروں سے ملی بھگت کر کے 3سے 4لاکھ روپے فی سٹنٹ وصول کئے جاتے ہیں ۔اس حوالے سے ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے میو ہسپتال سمیت تمام سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں سٹنٹ ڈالنے میں فراڈ کے حوالے سے روزنامہ پاکستان اور دیگر میڈیا رپورٹس پر نوٹس لے لیا ہے ۔نوٹس میں چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے کہا ہے کہ وہ معاملہ پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور بتائیں کہ یہ دھندہ کب سے چل رہا ہے اور کون کون اس میں ملوث ہے ۔نوٹس میں خصوصاً میو ہسپتال کا ذکرکیا گیا ہے ۔

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میوہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈسٹینٹس کے ذریعے دل کی بند شریانیں کھولنے اور خرید و فروخت کا معاملہ وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کے حوالے کر دیا ہے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کے چیئرمین کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے کمیٹی کنوینر وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے چیئرمین کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ممبران میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وا ئس چانسلرمیجر جنرل(ر) محمد اسلم ایس آئی سی لاہور کے چیف ایگزیکٹو اور ممتاز کارڈیالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک، ایف آئی سیک ے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انجم جلال کو مقرر کیا گیا ہے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری ایمپلی مینٹیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے واضح رہے کہ یہ نوٹس روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والی خبر پر لیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی ٹینٹس کی خرید و فروخت معیار کی بھی تحقیقات کرے اور خصوصاً امراض قلب اور دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں اس معاملے کی مکمل تحقیقات تک رپورٹ دے نیز سٹینٹس کی قیمتوں اور رجسٹریشن مقرر نہ ہونے کے معاملے کے ذمہ داران کا تعین کرے۔

مزید :

صفحہ اول -