144واں یوم ولادت آ ج
لاہور(پ ر) آل انڈیا مسلم لیگ کے بانی رکن تحریک آزادی کے عظیم رہنما مولانا ظفر علی خاں کا 144واں یوم ولادت آج مورخہ 18 جنوری 2017ء کو منایا جا رہا ہے۔ مولانا ظفر علی خاں پنجاب کے گاؤں کرم آباد میں 18جنوری 1873ء میں پیدا ہوئے۔ اسی مقام پر ان کا بچپن، جوانی اور آخری عمر کا کچھ عرصہ گزرا جبکہ مولانا کی علمی، ادبی، سیاسی اور صحافتی زندگی کا بڑا حصہ لاہور، حیدر آباد دکن، علی گڑھ،دہلی اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں گزرا۔ مولانا ظفر علی خاں 1940ء کی قرار داد پاکستان کے وقت موجود تھے اور قرار داد کافی البدیہہ اردو ترجمہ بھی اجلاس کے شرکاء کے سامنے پڑھا اور داد حاصل کی۔ مولانا تحریک آزادی کے واحد رہنما تھے جو بیک وقت صحافی، شاعر اور سیاست دان تھے۔ انہیں بیک وقت فارسی، عربی، انگریزی اور اردو سمیت دیگر زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا۔ مولانا ظفر علی خاں نے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر ہندوستان کے دورے کئے جبکہ اسی ضمن میں مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کا سفر بھی اختیار کیا۔ وہ پنجاب کی سر زمین پر پیدا ہونے والے گنے چنے سرکردہ نعت گو شاعروں میں معتبر اور اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔ ان کی فی البدیہہ شاعری کا ہندوستان میں کوئی اور شاعر مقابلہ نہیں کر سکتا تھا۔ مولانا ظفر علی خاں نے اپنی عملی زندگی کا بیشتر حصہ جدوجہد آزادی کے دوران جیل میں گزارا۔ ان کے اخبار’’زمیندار‘‘ کو بارہا بند کیا گیا یا ان کی ضمانتیں ضبط کی گئیں۔ مولانا ظفر علی خاں کا شمار سیاسی شاعری کرنے والوں میں سے سب سے معتبر مقام رکھتے ہیں۔ جدوجہد آزادی کے دوران انہوں نے اپنی صنف کی بنیاد پر مخالفین کو طنز اور تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کی شاندار قومی سیاسی ملی اور صحافتی خدمات پر قائد اعظم محمد علی جناح، مولانا محمد علی جوہر، علامہ اقبال، ابوالکلام آزاد، پنڈت جواہر لال نہرو اور مہاتما گاندھی نے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مولانا ظفر علی خاں کے علمی، ادبی اور صحافتی اثاثے کو تیزی اور ذمہ داری کے ساتھ محفوظ کیا جا رہا ہے اس جامع اور اہم منصوبے کے تحت زمیندار اخبار کے اداریوں کو کتابی شکل دی جا رہی ہے اور اسے صدارتی ایوارڈ یافتہ مورخ پروفیسر احمد سعید صاحب مرتب کر رہے ہیں جبکہ معروف تاریخ دان امجد سلیم علوی معاونت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مولانا کی شہرہ آفاق نایاب کتب ٹرسٹ کی جانب سے دوبارہ اشاعت کے بعد منظر عام پر آ چکی ہیں۔ مولانا ظفر علی خاں کی شخصیت پر شاندار فلم ’’ظفر الملت‘‘ کا افتتاح گورنر ہاؤس میں ہو چکا ہے جبکہ نوجوان طلبہ و طالبات کو مولانا کی شخصیت سے آگاہ کرنے کے لئے ظفر علی خاں ٹرسٹ ایک مرحلہ وارمنصوبے پر کام شروع کر چکا ہے۔ مولانا ظفر علی خاں کی 144ویں سالگرہ کے موقع پر ٹرسٹ آفس میں خصوصی پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات میں دستاویزی فلم ظفر الملت دکھانے کا سلسلہ جاری رہے گا اس موقع پر چراغاں بھی کیا گیا ہے اور مولانا ظفر علی خاں کی سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور مولانا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جائے گی۔