محکمہ ایکسائز اور موٹر رجسٹریشن اتھارٹی میں کروڑوں کی کرپشن ،اینٹی کرپشن نے کارروائی کیلئے ٹیم تشکیل دے دی

محکمہ ایکسائز اور موٹر رجسٹریشن اتھارٹی میں کروڑوں کی کرپشن ،اینٹی کرپشن نے ...

لاہور(سپیشل رپورٹر) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر رجسٹر یشن اتھارٹی پنجاب ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے ریکارڈ میں ردوبدل کر کے کروڑوں روپے خوردبرد کرنے کے الزام میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ریجن حرکت میں آگیا۔ریکارڈ کی جانچ پڑتال کیلئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر لیا گیا۔کرپشن میں ملوث کئی اعلیٰ افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کیلئے غور۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ہیڈکوارٹر ڈی جی بریگیڈیر(ر) مظفر حسین رانجھانے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور موٹر رجسٹر یشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھرکے تمام اضلاع میں ضلعی افسران نے اپنے مفاد کی خاطر عملہ کے ساتھ ملی بھگت سے ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے ریکارڈ میں خوردبرد کر کے محکمہ کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے جس کے عوض حکومت کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔جب اس بابت موقف دریافت کرنے کے لئے عابد نور بھٹی ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ ڈی جی بریگیڈیر(ر)مظفر حسین رانجھاکے احکامات کی روشنی میں کرپٹ مافیا کا گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے والے افسران کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کے لئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول