حکومت استثنیٰ کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے ،شاہ محمود

حکومت استثنیٰ کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے ،شاہ محمود

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی پریس ریلیز اور انکے وکیل کی جرح میں تضاد ہے، لگتا ہے حکومت کے پاس دفاع کے لئے کچھ نہیں بچا،اب وہ پارلیمانی استثنیٰ کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے،مخدوم علی خان پچھلے تین دنوں سے جو مقدمہ بنا رہے تھے عدالت نے وہ دو جملوں میں ہی دفن کر دیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کی پریس ریلیز اور ان کے وکیل کی جرح میں تضاد پر سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا یہ حکمت عملی تو نہیں؟ وزیراعظم ہاؤس کی پریس ریلیز کہتی ہے کہ وہ استثنی نہیں لے رہے جبکہ وزیراعظم کے وکیل کی تمام جرح ہی آئین کے آرٹیکل 66 پر رہے جس میں ممبر پارلیمینٹ کے استثنی کی تشریح ہوتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تین روز سے جرح کی جا رہی ہے کہ ایوان کی تقریر پر جرح نہیں ہو سکتی لیکن استحقاق بزنس پر تو ہو سکتی ہے، کرپشن پر نہیں ۔ سماعت میں فاضل جج نے ابتداہی میں دو مقدمات کا ذکر کر کے مخدوم علی خان کا مقدمہ باہر پھینک دیا ہے اور 2 جملوں میں ہی اسے دفن کر دیا ہے۔لگتا ہے کہ حکومت کے پاس صفائی دینے اور اپنے دفاع کیلئے کوئی ثبوت اور کوئی دلائل نہیں ہیں اور صرف ایک ہی کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طرح پارلیمینٹ کے استحقاق کے پیچھے چھپا جائے، اس پردے کے پیچھے جھوٹ کو چھپایا جائے لیکن اب تو وہ پردہ بھی چاک ہو گیا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول