مولانا سلیم اللہ نے پاکستان کے لئے خدمات سر انجام دیں، آغا سراج درانی

مولانا سلیم اللہ نے پاکستان کے لئے خدمات سر انجام دیں، آغا سراج درانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ اور ممتاز عالم دین شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موحوم نے ہمیشہ اسلام کے فروغ و سربلندی اور استحکام پاکستان کے لئے کام کیا ، شیخ الحدیث کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی بھی پورا نہیں ہو سکتا ہے ، وفاق المدارس العربیہ جیسا تعلیمی ادارہ کے قیام مرحوم کا زبردست کارنامہ ہے ۔ قائم مقام گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان مرحوم نے اپنی پوری زندگی اسلامی ضابطہ حیات کے مطابق گذاری جو دوسروں کے عملی نمونہ ہے ، مرحوم کئی دہائیوں سے لیکر آخری سانس تک اسلامی تعلیمات کا درس دیتے رہے۔قائم مقام گورنر نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی سربلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔دریں اثنا قائم مقام گورنر سندھ نے عالمی ختم بنوت موومنٹ کے سربراہ عبدالحفیظ مکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے آخری دم تک ختم نبوت ﷺ کی تحریک جاری رکھی ،مرحوم کی اسلام کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔آغا سراج درانی نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی سربلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر