اے این پی نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ،ملک اعجاز

اے این پی نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ،ملک اعجاز

تخت بھائی(نامہ نگار)ANPکے مرکزی کونسل کے رکن اور PK26سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک اعجاز خان نے کہاہے کہ اس دفعہ بابائے امن باچہ خان اور رہبر تحریک خان عبد الولی خان کی برسی ہم نہایت ہی جوش اور جذبے سے منائیں گے جبکہ ہزاروں کارکنان اپنے محبوب قائدین کی برسی میں شرکت کے لیے چارسدہ جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حجرے گوجر گڑھی میں ڈاکٹر مطہر شاہ کے زیر صدارت 22جنوری کو برسی کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر ڈسٹرکٹ کونسل (مردان) شیر غالب،اے این پی ضلع مردان کے جائنٹ سیکرٹری ملک مراد خان، تحصیل تخت بھائی کے صدر ناصر خان اور جائنٹ سیکرٹری منتظر شاہ صافی نے بھی خطاب جبکہ سابق تحصیل ناظم حاجی گل داد خان،نا ظمین پیر قاسم،شیر زمین خان ملنگ ،اے این پی کے ضلعی رہنماء ظہور حسین مہمند ،منصور باچہ ، مختیار کھٹانہ ، بلال خان، شاہد خان اور مرتضیٰ خان ماسٹر کے علاوہ اے این پی کے کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔مقریرین نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان تخت اسلام آباد اور تخت لاہور پر قبضہ جمانے کے لیے پختون قوم کو قربانی کا بکرا بنا رہے ہیں ان کو پختونوں کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوامی خدمت پر توجہ دینے کی بجائے لوٹ مار میں لگی ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر کے صوبے کو خوشحالی کی طرف گامزن کیا ہے اور اب تحریک انصاف کے صوبائی وزراء و ممبران قومی اسمبلی ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کرسیاسی دوکان چمکا رہے ہیں جبکہ عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں ان کی سونامی کو کلپانی میں غرق کر کے سرخ جھنڈے کو کامیاب کرائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر