پاک آسٹریلیا تیسراون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا،سیریز1-1 سے برابر

پاک آسٹریلیا تیسراون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا،سیریز1-1 سے برابر
پاک آسٹریلیا تیسراون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا،سیریز1-1 سے برابر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پرتھ(اے پی پی ) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتل سیریز کا تیسرا میچ آج  پرتھ میں کھیلا جائیگا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ 22جنوری کو سڈنی میں جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 26 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراﺅنڈز میں ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے آسٹریلیا کی ٹیم کو برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 1975سے لے کر اب تک 95ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے 32ون ڈے میچز جیتے ، 59ہارے، ایک میچ ٹائی ہوا اور تین کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ آسٹریلیا کی سر زمین پر ہونے والے ون ڈے میچز میں بھی آسٹریلیا کی ٹیم کو برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین آسٹریلیا کی گراﺅنڈز پر مجموعی طور پر 53 ون ڈے میچز کھیلے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے 17جیتے ،34ہارے ،ایک میچ ٹائی ہوا اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ یو اے ای جسے پاکستان کی ہوم گراﺅنڈ کہا جاتا ہے وہاں پر بھی ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین یو اے ای میں 14میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان کی ٹیم نے چھ جیتے اور 8 ہارے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ورلڈ کپ مقابلوں میں مجموعی طور پر 9 ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان کی ٹیم نے چار میچ جیتے اور پانچ ہارے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں دونوں ٹیموں کے مابین صرف ایک میچ ہوا جس میں آسٹریلیا کی ٹیم نے فتح حاصل کی۔ عامر سہیل ون ڈے میچز میں پاکستان ٹیم کے واحد کپتان تھے جن کی کپتانی میں پاکستان کی ٹیم کوئی بھی ون ڈے میچ نہ جیت سکی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں پاکستانی ٹیم 89 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ 30 ستمبر 2017 تک میزبان انگلینڈ سمیت آئی سی سی رینکنگ کی ابتدائی آٹھ ٹیمیں 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی حاصل کر لیں گی اور آخری دو ٹیموں کو کوالیفائنگ راو¿نڈ کھیلنا پڑے گا۔ پاکستان کی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہار چکی ہے ۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -