اسلام آباد میں بھی گٹکے کے غیر قانونی کاروبار نے پنجے گاڑ لئے
اسلام آباد(صباح نیوز)گٹکے کے غیر قانونی دھندے نے شہر اقتدار میں بھی پنجے گاڑ لیے،ملوث مافیا دلکش ناموں کے ساتھ یہ میٹھا زہر نوجوان نسل کے حلق میں انڈیلنے لگا لیکن انتظامیہ چین کی نیند سو رہی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پیکنگ خوشنما، قیمت چند روپے، نام اچھا سا لیکن اندر زہر بھرا،موت کا سامان زہریلا گٹکا، گلی گلی دکانوں پر بکتا دھندہ کینسر پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔بیچنے والوں کو کوئی خوف اور خطرہ نہیں ہے، پان پراگ، ون ٹو ون جیم اور آر آیم ڈی جیسا کئی طرح کا گٹکا بھارت سے سمگل ہوتا ہے۔
گٹکا مافیا اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے شہر اقتدار میں ہرجگہ بکتا ہے۔سستے جان لیوا نشے کی راولپنڈی میں ہول سیل مارکیٹ بھی ہے۔ چھالیہ میں خطرناک کیمیکلز ملا کر بنایا گیا گٹکا کہیں سرعام کہیں چھپا کر بیچا جاتا ہے۔ گٹکے کا غیرقانونی دھندا کینسر کی طرح پھیلا ہوا اور اس کی جڑیں دشمن ملک سے ملی ہیں۔ کم قیمت اور آسانی سے دستیابی جان لیوا نشہ پھیلنے کی بڑی وجہ ہیں۔ اس سرطان کو ختم کرنے یلئے سرحدوں سے گلی محلے تک بڑا آپریشن کرنا ہوگا۔