انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس
صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کا ضامن ہوتا ہے اور جسمانی صحت کے لئے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں سپورٹس ڈیپارنمنٹ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمی میں مشغول رکھنے کے لئے کرکٹ، فٹ بال اور دیگر سپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرکے انہیں سپورٹس کی طرف راغب کرتے ہوئے، ان میں صحت مندانہ مقابلے کی فضاء کو پروان چڑھا رہا ہے۔
سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے صوبہ بھر میں سپورٹس کی بہترین اور جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بھی ان میں ایک ہے۔
وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کے دورہ پر کہا کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ترین سوئمنگ کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے، جس سے نوجوان سوئمر اپنی کارکردگی کو بہتر بناسکیں گے۔ سوئمنگ کمپلیکس میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت سمیت عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ کمپلیکس میں عالمی مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے۔ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے ان کی بہتر ین رہنمائی کی جائے اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ ہم پراُمید ہیں کہ سوئمنگ کمپلیکس کے قیام سے نوجوان سوئمرز عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے یہاں تیاری کریں گے اور ٹائیٹلز جیتیں گے۔
پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس حکومت پنجاب کی جانب سے تیراکوں اور سنوکرکے کھلاڑیوں کے لئے بہترین تحفہ ہے۔ جو دارصل محمد آصف جیسے نوجوانوں کو خراج تحسین ہے، جو پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
سوئمنگ میں دنیا کے ماہرترین برطانوی کوچ ہمارے سوئمرز اور کوچز کو تربیت دیں گے۔ پنجاب حکومت کھیلوں کے ساتھ ساتھ اپنے کھلاڑیوں کو بھی بہترین انداز میں پروموٹ کر رہی ہے۔
ہمارے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں۔ محکمہ کھیل پنجاب سنوکر سمیت تمام کھیلوں کے لئے بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی کویقینی بنا رہی ہے، تاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا سے زیادہ بہتر اور صحتمندانہ تفریح کے مواقع مہیا کئے جاسکیں۔
کھیلوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو جسمانی و ذہنی طور پر تنومندر کھنے کے لئے حکومت پنجاب سپورٹس سیکٹر پر خصوصی تو جہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں سپورٹس سیکٹر کے سالانہ ترقیاتی پر وگرام 2017-18ء میں 991.190ملین مالیت کی18مختلف سکیمز شامل ہیں۔
صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ کھیلوں کا فروغ انتہا پسندی کے رجحانات کے خاتمہ اور صحت مند سرگرمیوں کے اضافے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
کھیل کسی بھی معاشرے کا سافٹ امیج اُجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جہانگیر خانزادہ نے خصوصی بچوں کو میدانوں تک لانے کے لئے پاکستان سپیشل اولمپکس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب سپیشل بچوں کو ان کی ضرورت کے مطابق سپیشل انفراسٹرکچر اور کوچنگ مہیا کی جائے گی اور ان کی بحالی کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
سپیشل بچوں کی معاشرے کے ساتھ مطابقت پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے، کہ انہیں نارمل بچوں کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کے مواقع مہیا کئے جائیں، اس ضمن میں پنجاب سپورٹس کے گراؤنڈز، جیمنیزیم، سوئمنگ پول، بیڈمنٹن کورٹس غرضیکہ تمام کا تمام انفراسٹرکچر موجود ہے۔
بچے جب چاہیں یہاں آکر ٹریننگ لے سکتے ہیں۔ پاکستان کے پہلے جدید ترین سوئمنگ پول کی تکمیل خوش آئند ہے۔ اس سے سوئمنگ کے کھیل کو نہ صرف فروغ حاصل ہوگا، بلکہ پاکستان میں سوئمنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔