آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ،سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف کیس کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے حکم امتناع ختم ہونے کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس کی آج (جمعرات کو )پھر سماعت ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل ’’اب تک نیوز ‘‘ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس پر سماعت کریں گے، استغاثہ کے گواہ نادرا کے سابق ڈائریکٹر قابوس عزیز اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔اس سے قبل 18 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں استغاثہ کے چار گواہوں نے اپنا بیان قلمبند کرایا تھا تاہم ذاتی مصروفیات کے باعث قابوس عزیز اپنا بیان قلمبند نہ کراسکے تھے۔واضح رہے کہ20 دسمبر کو اسحاق ڈار کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حکم امتناع جاری کیے جانے کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس پر کارروائی روک دی گئی تھی ۔عدالتی حکم پر دو جنوری کو اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی احتساب عدالت میں جمع کرائی، جس کے بعد 18 جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔آج(جمعرات کو ) ہونے والی سماعت میں ہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس کی بحالی کیلئے سینیٹر اسحاق ڈار کی درخواست پر نیب کی طرف سے جواب بھی جمع کرایا جائے گا اور اسحاق ڈار کے ضامن کی جائیداد قرقی سے متعلق پیشرفت سے بھی عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔