اوپن یونیورسٹی کے "ایڈلٹ لٹریسی سینٹر"میں لیول 1پاس کرنے والے لیول 2میں داخل ٗ کلاسسز شروع

اوپن یونیورسٹی کے "ایڈلٹ لٹریسی سینٹر"میں لیول 1پاس کرنے والے لیول 2میں داخل ٗ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

یونیسکو اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ کے نیشنل پلان آف ایکشن فار لٹریسی کے حالیہ ڈیٹا رپورٹ کے مطابق 2025تک 90فیصد لیٹریسی ریٹ کے حصول کے لئے پاکستان کو 2018تا 2025کے دوران 15,64,000ایڈلٹ لیٹریسی سینٹرز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔اسلامی تواریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں نے تعلیم و تربیت میں معراج پاکر دین و دنیا میں سربلندی اور ترقی حاصل کی لیکن جب بھی مسلمان علم اور تعلیم سے دور ہوئے وہ غلام بنالئیے گئے یا پھر جب بھی انہوں نے تعلیم کے مواقع سے خود کو محروم کیا وہ بحیثیت قوم اپنی شناخت کھوبیٹھے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر کے ایسے ناخواندہ لوگوں کو جو اپنا نام تک لکھنا پڑھنا نہیں جانتے ہیں کو لکھنا پڑھنا سکھانے کے لئے ملک کے 44شہروں میں "ایڈلٹ لیٹریسی سینٹرز"قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔یونیورسٹی کی سپریم باڈی) ایگزیکٹیو کونسل(نے " پائلٹ پراجیکٹ کے طور پراسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس میں"تعلیم بالغان سینٹر" قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی نے اپنے ان پڑھ ملازمین کو لکھنا پڑھنا سکھانے کا کام شروع کردیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد اجمل اِس سینٹر کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ ڈاکٹر افشاہ ہما سینٹر کی فوکل پرسن ہیں ٗ ڈاکٹر آفتاب احمد مینجمنٹ سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں ٗ سرپرستی اور مجموعی دیکھ بھال کی ذمہ داری ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ٗ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود ادا کررہے ہیں ۔فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز اساتذہ لیٹریسی سینٹرمیں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یونیورسٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اِس سینٹر کی فیڈ بیک دیکھ کر ملک کے 44شہروں میں موجود یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں اِسی طرز کے "ایڈلٹ لٹریسی سینٹرز"قائم کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے کی گریجویشن تقریب چند دن پہلے منعقد کی گئی تھی جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیر مین ٗ ڈاکٹر مختار احمد مہمان خصوصی تھے ٗ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے صدارت کی تھی۔پہلے مرحلے کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چئیرمین ٗ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ گریڈ 1تا 4کے ملازمین کو لکھنا پڑھنا سکھانے کے لئے"تعلیم بالغان پروگرام" انتہائی خوش آئند قدم ٗ صدقہ جاریہ اور دیگر جامعات کے لئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے تعلیم بالغاں سینٹرکے پہلے مرحلے میں اپنے ان پڑھ ملازمین کولکھنا پڑھنا سکھا کر اُن کی روزمرہ زندگی کی ضرورتوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں جس پر وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی اور اُن کی پوری ٹیم مبارکباد کے مستحق ہے۔
ڈاکٹر مختار نے کہا کہ ایچ ای سی نے اپنے کم گریڈ ملازمین کے لئے اِسی طرز کا لیٹریسی پروگرام پہلے ہی شروع کیا ہوا ہے ٗ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر ادارے بھی اِ س پروگرام کی پیروی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان پڑھ لوگوں کو لکھنا پڑھنا سکھانا معاشرے کی سب سے بڑی خدمت ہے اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔اِسی سینٹر نے لیول 1پاس کرنے والے گریڈ 1تا 4کے ملازمین کو پرائمری سطح کی تعلیم فراہم کرنے کے لئے ایک پروگرام ڈیزائن کیا ہے جسے لیول 2کا نام دیا گیا ہے ٗ لیول 1پاس کرنے والے تمام ملازمین لیول 2میں داخل ہوکر کلاسسز یکم جنوری سے شروع ہوگئے ہیں۔ افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کی۔ اِس تقریب میں ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ٗ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود ٗ ڈائریکٹر ریجنل سروسسزُ میاں عارف سلیم عارف ٗ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین ٗ ڈائریکٹر ایڈلٹ لٹریسی سینٹر ٗ ڈاکٹر محمد اجمل ٗ سینٹر کی فوکل پرسن ڈاکٹر افشاہ ہما ٗ ڈاکٹر آفتاب احمد ٗ راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر ٗ ملک توقیر احمد خان اور دیگر اساتذہ شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ وطن عزیز کا لیٹریسی ریٹ بڑھانے میں مثالی کردار ادار کرنے کے لئے یونیورسٹی میں ایڈلٹ لیٹریسی سینٹر کا قیام میرا سب سے بڑا خواب تھا ٗ یونیورسٹی کی سپریم باڈی) ایگزیکٹو کونسل(سے اِس سینٹر کے قیام کی منظوری حاصل کرکے مجھے انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی بحیثیت میگا یونیورسٹی 2025ء تک 90فیصدلیٹریسی ریٹ کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اِس سینٹر کی کامیابی اور بہترین نتائج پر ہم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں بھی ایڈلٹ لیٹریسی سینٹرز قائم کریں گے تاکہ ملک سے جہالت کا خاتمہ ہو ۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا معاشرتی عمل ہے جو انسان کی پیدائش سے ہی شروع ہوجاتا ہے اور انسان کی آخری سانسوں تک جاری رہتا ہے جیسا کہ آپؐ کا فرمان ہے کہ علم حاصل کرو محد سے لحد تک۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ انسان کو زندگی کے ہر مرحلے پر علم حاصل کرنا چاہئیے ٗ یعنی لائف لانگ لرننگ کے تصور پر چلنے سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی کے ناخواندہ ملازمین کو خواندہ بنانے کا جو سفر شروع کیا تھا آج اُس سفر کا دوسرا مرحلہ شروع ہورہا ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ مثبت تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایڈلٹ لیٹریسی سینٹر کی فوکل پرسن ڈاکٹرافشاہ ہما نے کہا کہ لیول 1کا آغاز اگست 2017ء سے ہوا تھا جو نومبر میں تکمیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں چند مشکلات پیش آرہی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیول 1کے دوران طلبہ کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ان میں ایک دوسرے کو سکھانے کا جذبہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر افشاہ ہما کے مطابق تمام طلبہ سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں ٗ سیکھنے کے عمل میں کوئی بات چھپاتے نہیں ہیں بلکہ کھل کر ہر بات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اِس سینٹر سے ہمیں لائف ٹام لرننگ کا تجربہ حاصل ہوگیا ہے۔ایڈلٹ لٹریسی سینٹر کے ڈائریکٹر ٗ ڈاکٹر محمد اجمل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لٹریسی سینٹر کا قیام اور لیول 1سے لیول 2میں جانے کی کامیابی وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی سرپرستی ٗ حوصلہ افزائی اور ہربھر پور سپورٹ کی فراہمی کی وجہ سے ہم ممکن ہوا ہے۔
***

مزید :

ایڈیشن 1 -