اورنج لائن ٹرین میں مبینہ کرپشن پنجاب حکومت کو نوٹس جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی اصل لاگت کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے خلاف اور منصوبے میں مبینہ کرپشن کا معاملہ نیب کوبھجوانے کے لئے دائردرخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ۔جسٹس عابد مسعود نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 (اے )کے تحت معلومات تک رسائی ہر شخص کا حق ہے، پنجاب انفارمیشن کمیشن کو اورنج لائن ٹرین کی اصل لاگت کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے درخواستیں دیں لیکن یہ تمام کارروائی بے سود رہی، درخواست گزار کے مطابق پنجاب انفارمیشن غیر فعال ہو چکا ہے اور آئین کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی معلومات تک رسائی کے قوانین کے مطابق اورنج لائن ٹرین کی اصل لاگت کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور ا ورنج لائن ٹرین منصوبے میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات نیب سے کرانے کا حکم دیا جائے۔
اورنج ٹرین