زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں

زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میں چاہتی ہوں میرا جنازہ سسرال سے اٹھے،لیکن شوہر چاہتا ہے کہ
ثوبیہ (مرید کے)
سوال: میری شادی کو دو سال ہو گئے ہیں، شادی کے بعد میرے شوہر کا رویہ میرے ساتھ صحیح نہ تھا لیکن میں صبر و شکر کر کے مشرقی بیوی کی طرح سر جھکائے سب کچھ برداشت کرتی رہی۔ ماں باپ نے میری یہی تربیت کی تھی کہ شادی کے بعد تمہارا اس گھر سے جنازہ ہی نکلے اس وجہ سے میں سب کچھ برداشت کر رہی ہوں۔ لیکن اب میرے شوہر طلاق کا کہہ رہے ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ طلاق نہ ہو ،میرا کوئی قصور بھی نہیں ہے۔ براہ مہربانی میرا زائچہ بنا کر بتائیں کہ میرے نصیب میں کیا ہے؟
جواب: آپ کے زائچے کے خانہ ازدواج میں مریخ کی موجودگی ازدواجی زندگی کے مسائل ظاہر کر رہی ہے۔ لڑائی جھگڑے، ازدواجی انتشار اس کی خاصیت ہے اور یہ معاملات تمام زندگی چلیں گے کیونکہ آپ دونوں کے طالع میں بھی موافقت نہیں ہے۔ بہرحال یہ آپ کی ہمت اور برداشت پر منحصر ہے کہ آپ کتنا سفر اس پل صراط پر طے کر سکتی ہے۔آپ کو طلاق لیکر اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنی چاہئے۔عورتیں اتنی کم ہمت نہیں آج کے دور میں۔آپ کا زائچہ بتاتا ہے کہ آپ طلاق کے بعد سکھی رہیں گی۔

میرے جونئیر مجھ سے آگے نکل گئے،میرا ستارہ کب طلوع ہوگا؟

عدنان علی(قلعہ لچھمن سنگھ)
سوال: میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہوں میری ترقی کافی عرصے سے رکی ہوئی ہے۔ مجھ سے جونیئرز کی ترقی اگلے گریڈ میں ہو گئی ہے لیکن میں وہیں کا وہیں ہوں۔ براہ مہربانی زائچوں کی روشنی میں مجھے بتائیں کہ میرے نصیب میں ترقی ہے ہے بھی یا نہیں؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں وقتی مشکلات نظر آرہی ہیں۔ ہمت اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ہی اپنا موازنہ دوسروں سے کریں۔ ہر انسان کا نصیب اپنا ہوتا ہے اپنے سے نیچے دیکھیں، آپ کو سکون ملے گا۔ انشاء اللہ 2018ء میں آپ کی ترقی متوقع ہے۔
موافق نگینہ
مریم (فیصل آباد)
سوال: میرا طالع پیدائشی بتا دیں اور میرے لئے موافق نگینہ اور نگینہ پہننے کی ساعت کونسی ہے؟
جواب: آپ کا طالع پیدائشی جدی ہے۔ آپ کے لئے موافق نگینہ نیلم ہے۔ آپ نیلم کو ہفتے کے دن طلوع سورج سے تھوڑا پہلے پہن لیں۔
کیا ساری زندگی دھکے کھانے میں گزرجائے گی ؟
مصطفیٰ (شامکے)
سوال: میں گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف کام کر رہا ہوں مگر جس کام میں ہاتھ ڈالتا ہوں۔ ناکام ہو جاتا ہوں۔ بہت سا سرمایہ ضائع کر چکا ہوں۔ سمجھ نہیں آتی کامیابی کس طرح ملے گی۔ یا ساری زندگی دھکے کھانا ہی نصیب میں ہے براہ کرم میری رہنمائی فرمائیں۔
جواب: کاروباری حالات اور خصوصاً ملکی حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ کسی بھی قسم کا کاروبار کرنا ’’جوئے شیر لانا‘‘ ہے ایسے حالات میں تھوڑا سا غلط فیصلہ یا ناتجربہ کاری کسی بھی کام میں ناکامی کا باعث بنتی ہے۔ بہرحال آپ کے لئے مشورہ ہے کہ اپنے طالع پیدائشی (عقرب) کے مطابق کاروبار یا ملازمت اختیار کریں تو اس میں بہتری ہے۔ اس کے علاوہ کام شروع کرنے سے پہلے اس کام کا مکمل تجربہ اور مہارت حاصل کریں لوگوں کے کہنے پر فوراً نہ شروع ہو جائیں کہ فلاں کام میں بہت فائدہ ہے۔ اللہ پاک نے ہر انسان کو مخصوص صلاحیتیں دی ہیں ان کو استعمال کریں۔
رزق کیسے بڑھ سکتا ہے؟
خالد (منڈٰی بہاؤ الدین)
سوال: میں کافی عرصے سے پرچون کا کام کر رہا ہوں لیکن حالات میں بہتری نہیں ہو رہی۔ اب تو دکان کا کرایہ اور خرچہ نکالنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ مجھے بتائیں کہ میرے لئے کونسا کاروبار بہتر ہے اور میرے رزق میں کب اضافہ ہو گا؟
جواب: آپ کے طالع پیدائشی کے مطابق آپ کے لئے کھانے پینے کا کاروبار، مشروبات کا کاروبار بہتر ہے۔ رزق کی بہتری کے لئے روحانی وظائف پڑھیں اور صدقات دیں۔
بری سوسائٹی
جہانگیر (اسلام آباد)
سوال: میں مالی حالات اور گھریلو پریشانی کی وجہ سے بری سوسائٹی کا شکار ہو گیا ہوں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ مجھے احساس ہو رہا ہے کہ میں اس دلدل میں پھنستا ہی جا رہا ہوں۔ شاید اس لئے کہ میرا ضمیر ابھی مرا نہیں ہے میں چاہتا ہوں کہ کسی طرح اس بری سوسائٹی سے نکل جاؤں۔ کیا میرے زائچے میں حالات بدلنے کے آثار موجود ہیں؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، اس فضیلت اور مرتبے کو اللہ پاک نے انسان کو اس لئے بخشا ہے کہ انسان کے اندر ضمیر بھی موجود ہے جو اسے ہر بری حرکت اور عمل سے روکتا ہے اور یہ ہر وقت انسان کے ساتھ رہتا ہے اور ہماری اصلاح کرتا رہتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ کوئی انسان اس کی آواز پر کان دھرے یا نہ دھرے۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ آپ نے اپنے ضمیر کی آواز سنی اور واپسی کا راستہ اختیار کیا۔ زائچوں کے حالات بھی آپ کی صحیح منزل کی نشاندہی کر رہے ہیں صرف یقین کامل اور ثابت قدم رہیں آپ کی منزل بہت قریب ہے۔

کسی کے بیٹے کو قابو کرنے کے لئے کالے عملیات کرنا ۔۔۔
ر، ک (گجرانوالہ)
سوال: میں (ر) نام کے لڑکے کو پسند کرتی ہیں۔ مگر اس کے گھر والے نہیں مان رہے۔ زائچوں کی روشنی میں بتائیں کہ کیا میری اس سے شادی ہو جائے گی۔ مجھے کوئی عمل بھی بتائیں جس کے ذریعے میں اس کو حاصل کر سکوں۔ وہ صرف میرا ہو جائے۔ صرف میرا کہا مانے میں آپ کی بہت مشکور رہوں گی؟
جواب: یہ دنیا مکافات عمل ہے ہر انسان کو اس کے ہر عمل کا جواب اس دنیا میں بھی دینا ہے ہم جو بوئیں گے وہی کاٹنا پڑے گا۔ آج کل ہر شخص اپنے مقاصد کے لئے دوسرے شخص کو اپنے تابع بنانے کے لئے سرگرم ہے۔ ہم نے خود کو بھلا دیا ہے اور کالے علم کے عاملوں کو اپنا خدا مان لیا ہے۔ ہر شخص دوسرے پر عمل کروانے پر تلا نظر آتا ہے۔ آپ خط پڑھ کر افسوس ہوا ہے۔ کسی کے بیٹے کو قابو کرنے کے لئے کالے عملیات کرنا غیر شرعی ہے۔ اگر آپ کو اتنا ہی پسند ہے تو خدا سے دعا کریں کہ جو آپ کے لئے بہتر ہے وہ آپ کو مل جائے۔ میں نے اکثر ایسی جگہوں پر طلاق اور لڑائی ہوتے دیکھی ہے جہاں لوگ کالے علم کا سہارا لے کر شادی کروا تو لیتے ہیں لیکن وہ زیادہ دیر نہیں چلتی۔ جیسے جیسے علم کے اثرات ختم ہوتے ہیں اصل حقیقت سامنے آجاتی ہے جو کہ بہت خوفناک ہوتی ہے۔ لہٰذا ایسی سوچ اور عمل سے باز رہیں اور خدا پر مکمل یقین کامل رکھیں اور بہتری کے لئے دعا مانگیں۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )